غلط فیصلے پر امپائرز نے پاکستانی ٹیم سے معذرت کرلی

جمعہ 26 جون 2015 12:00

غلط فیصلے پر امپائرز نے پاکستانی ٹیم سے معذرت کرلی

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جون۔2015ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دور ان ٹی وی امپائر پال رائفل اور میچ ریفری کرس براڈ نے ڈی آر ایس پر منصفانہ فیصلہ نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم سے معذرت کرلی۔دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اور صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ایک ایسے موقع پر جب میچ میں سری لنکن ٹیم حاوی نظر آ رہی تھی، اننگ کے 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر ذوالفقار بابر کی باوٴلنگ پر بھارتی امپائر سندارام روی نے کشال سلوا کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی بیٹ اینڈ پیڈ کیچ کی اپیل مسترد کردی۔

کشال سلوا کو ناٹ آوٴٹ قرار دئے جانے پر کپتان مصباح الحق نے ڈی آر ایس کا استعمال کرتے ہوئے ٹی وی امپائر سے مدد مانگی۔

(جاری ہے)

ٹی وی امپائر کے فرائض دینے والے پال رائفل نے ری پلے میں ایل بی ڈبلیو آوٴٹ کو دھیان میں نہ رکھتے ہوئے صرف کیچ آوٴٹ کو مدنظر رکھا اور گیند بلے پر نہ لگنے کے باعث سلوا کو ناٹ آوٴٹ قرار دے دیا تاہم دوسری جانب ہاک آئی کے مطابق وہ ایل بی ڈبلیو آوٴٹ ہو رہے تھے اور گیند وکٹوں کو لگ رہی تھی۔

اگر آئی سی سی قوانین کو دیکھا جائے تو تھرڈ امپائر کشال سلوا کو ایل بی ڈبلیو قرار دے سکتے تھے۔ٹیسٹ کیلئے آئی سی سی قوانین کی شق 3.3 ایف کے تحت اگر کوئی ٹیم کسی کھلاڑی کو آوٴٹ کرنے کیلئے ریویو کا استعمال کرے اور کھلاڑی جس زمرے میں اپیل کی گئی ہے اس کے مطابق آوٴٹ نہ ہو رہا ہو تو بھی اگر کھلاڑی کسی اور طریقے سے آوٴٹ ہوتا نظر آ رہا ہے تو امپائر کے پاس فیصلہ تبدیل کرنے کا اختیار موجود ہے اور وہ اسے آوٴٹ قرار دے سکتا ہے۔امپائر کی اس غلطی پر کوچ وقار یونس نے میچ ریفری کرس براڈ سے شکایت کی جس پر ریفری اور امپائر دونوں نے غلطی قبول کرتے ہوئے معذرت کرلی ہے۔