آم بڑی آنت، بریسٹ اور بلڈ کینسر سے بچاؤ میں معاون ہے‘ حکماء

ہفتہ 27 جون 2015 13:00

آم بڑی آنت، بریسٹ اور بلڈ کینسر سے بچاؤ میں معاون ہے‘ حکماء

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) گرم خشک تاثیر کا حامل آم پھلوں کا بادشاہ کہلاتا ہے جو گرمیوں میں قدرت کا خاص تحفہ بھی ہے، جدید تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آم میں موجود اینٹی آکیسڈنٹ کمپاؤنڈ بڑی آنت ، بریسٹ، خون اور غدود کے کینسر سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامن اے اور اینٹی آکسائیڈجلد کو داغ دھبوں سے بھی بچاتا ہے۔

(جاری ہے)

اِن خیالات کا اظہار ماہرین علاج بالغذاء حکیم رفیق احمد صابر، حکیم محمد افضل میو، حکیم غلام رسول کیف، حکیم عبدالرزاق ربانی، حکیم محمد اکرم مغل، حکیم سید عارف رحیم، حکیم ملک فہیم احمد، حکیم ملک آصف علی، حکیم محمد شہباز، حکیم مزمل عباس اور ڈاکٹر ذوالفقار علی سندھو نے علاج بالغذاء کونسل کے زیر اہتمام آم کی افادیت کے حوالے سے منعقدہ مجلس مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ آم کا روزانہ استعمال جلد کو صاف اور چمکدار بنانے کا ساتھ جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے جبکہ ایسے لوگ جو بینائی کے مسائل سے دوچار ہیں ان کیلئے آم مفید ہے کیونکہ اس میں موجود بیٹاکیروٹین سے بینائی تیز ہو تی ہے۔ اُنھوں نے خبردار کیا کہ شوگر میں مبتلا افراد آم کا استعمال اپنے معالج کے مشورے سے کریں۔