بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا‘ پروفیسر حافظ محمد سعید

ہفتہ 27 جون 2015 16:33

بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا‘ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ انڈونیشیا میں برما کے مسلمانوں کیلئے تین سو شیلٹر تعمیر کر رہے ہیں، روزانہ 3600برمی مہاجرین کے سحروافطار کا بندوبست کیا جارہا ہے، تھرپارکرسندھ اور بلوچستان میں کروڑوں روپے مالیت کے واٹر پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں،کشمیری پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں پاکستان کو بھی ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے، وطن عزیز کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں اور تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے،بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا، قرآنی تعلیمات پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

وہ مقامی شادی ہال میں درس قرآن کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عراق و افغانستان میں دس لاکھ سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا۔ اب برما میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں مگر بین الاقوامی اداروں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ان سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔

برما اور کشمیر کے مسلمانوں کے مسائل کے حل میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے یہ ہمیشہ نقصان پہنچانے کیلئے آتے ہیں۔ برما، کشمیر و دیگر علاقوں میں اسی بنیاد پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور مسلم خواتین کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں۔ برمامیں اراکان کے رہنے والے لوگ بہت اسلام پسند ہیں یہ چیز بدھ مت کے ماننے والوں کو برداشت نہیں ہے‘ وہاں کے مسلمانوں کو اسی جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔

ہزاروں افراد کو کشتیوں کے ذریعے وہاں سے ہجرت پر مجبور کیا گیا۔ جماعة الدعوة انڈونیشیا میں پہنچنے والے برمی مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد کے سحروافطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برمی مسلمانوں کیلئے آچے انڈونیشیا میں خیموں میں رہنا مشکل تھا اس لئے وہاں ان کے لئے شیلٹر تعمیر کر رہے ہیں وہاں کوئی این جی او نظر نہیں آتی۔

آچے حکومت کے بعد سب سے پہلے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن وہاں پہنچی ہے۔ ستر شیلٹر تعمیر کر چکے ‘رمضان المبارک کے اس ماہ مبارک میں جلد مزید شیلٹرز کی تعمیر کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا مسلمان ہی کفار کے نظاموں کا خاتمہ اور اللہ کے دین کے غلبہ کیلئے کردار ادا کر سکتے ہیں۔ امریکہ انڈیا کو خطہ میں تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن یہ مذموم سازشیں ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

دنیا میں اسلام کی پھیلتی دعوت سے امریکہ یورپ سمیت سب پریشان ہیں ۔ انڈیا بھی اس بات سے خوفزدہ ہے کہ وہ اب مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں آسمانوں سے اللہ کی مدد اتر رہی ہے۔ وہ وقت قریب ہے کہ جب کشمیر، فلسطین و دیگر خطے آزاد ہوں گے۔ آج کشمیر میں جگہ جگہ پاکستان کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔

مودی ڈھاکہ میں کھڑے ہو کر کہتا ہے کہ ہم نے مشرقی پاکستان کو توڑا۔ ہم کہتے ہیں کہ اب تمہاری سازشیں نہیں چلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ہر پچاس کلومیٹر کے فاصلہ پر ریسکیو سنٹر قائم کر رہے ہیں تاکہ روڈ ایکسیڈنٹ، آگ لگنے اور پانی میں ڈوبنے جیسے کسی بھی حادثہ کے پیش نظر متاثرین کو فوری طبی امداد پہنچائی جاسکے اور ان دور دراز علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کی خدمت کی جائے جوابھی تک حکومتی توجہ سے بھی محروم ہیں۔

تھرپارکر، سکردو اور بلوچستان میں کروڑوں مالیت کے منصوبہ جات زیرتعمیر ہیں۔ اسلام و پاکستان کی خدمت کیلئے ہر کارکن اپنا کردار ادا کرے۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان بہت دیر سے سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ انڈیا افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ اب تو آرمی چیف اور وزارت خارجہ کے ذمہ داران نے بھی واضح طور پر بھارتی سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور اصل صورتحال کھل کر دنیا کے سامنے آرہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک بھارت افغانستان میں موجود ہے وہ پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی سے باز نہیں آئے گا اسے وہاں سے نکالنا بہت ضروری ہے۔