بھارتی ریاست گجرات میں سیلاب ،80 افراد جان سے گئے، 7 شیروں سمیت مختلف اقسام کے پانچ ہزار جانور بھی ہلاک

امریلی بھاونگر اور گیر کے اضلاع میں ایک درجن سے زیادہ شیر لاپتہ ہیں،ہلاک ہونے والے جانوروں میں نیل گائے، ہرن اور جنگلی سور شامل ، 150 نیل گائے اورتین چیتل ہرن کی لاشیں بھی ملی ہیں،حکام

اتوار 28 جون 2015 16:14

نئی دہلی/ گاندھی نگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں سیلاب کے باعث 80افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 7 شیروں سمیت مختلف اقسام کے پانچ ہزار جانور ہلاک ہو گئے،درجنوں شیر لاپتہ ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ سیلاب سے 80 افراد کی زندگی کو بہاکر ساتھ لے گیا ساتھ ہی مختلف جانوروں کی ہلاکتوں کابھی سبب بنا۔

سیلاب کے باعث ایشیاٹک نسل کے کم از کم 7 شیرہلاک ہو گئے ہیں جبکہ امریلی بھاونگر اور گیر کے اضلاع میں ایک درجن سے زیادہ شیر لاپتہ ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے مختلف اقسام کے پانچ ہزار جانور ہلاک ہو گئے ۔بارش کے پانی میں کمی کے بعد محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو سات شیروں کی لاشیں ملیں جن میں ایک تین ماہ کے شیر کے بچے کی بھی لاش تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گجرات میں گیر کے جنگل ایشیاٹک نسل کے شیروں کی سب سے بڑی پناہ گاہ ہے اور حال میں کی جانے والے شیروں کی گنتی میں ان کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا تھا۔جنگلی حیات کے چیف کنزرویٹر ڈی سی پنت نے بتایا ’محکمہ جنگلات کے حکام اور گارڈز نے جنگل کو چھان مارا ہے تاہم بعض علاقوں میں ابھی تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی ہے کیونکہ سلاب میں سڑکیں بہہ گئی ہیں۔

‘مقامی باشندوں کے حوالے سے اخبار کا کہنا ہے تین شیر بدھ کو سیلاب کی زد میں آ کر بہہ گئے تھے۔ امریلی ضلعے میں محکمہ جنگلات کے نائب کنزرویٹر ایم آر گجر نے بتایا ’محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم کو دو ایشاٹک شیروں کی لاشیں ملیں ہیں جن میں ایک پانچ سال کا نر جبکہ ایک تین ماہ کا مادہ بچہ شامل ہے انھوں نے مزید بتایا ’اس کے علاوہ ہمیں چھ سے آٹھ سال کی عمر کی ایک شیرنی کی لاش امریلی ضلعے کے بوادی گاوٴں سے ملی ہے۔

‘بھاوٴنگر میں محکمہ جنگلات کے نائب کنزرویٹر جی ایس سنگھ نے بتایا ’ہمیں دو شیروں کی لاشیں گراجیاں گاوٴں سے ملی ہیں جن میں ایک نر اور ایک مادہ ہے۔‘خیال رہے کہ اس سیلاب میں دوسرے جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں نیل گائے، ہرن اور جنگلی سور وغیرہ شامل ہے۔مسٹر سنگھ نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ سو نیل گائے کی لاشوں کے علاوہ تین چیتل ہرن کی لاشیں بھی ملی ہیں۔گیر کے جنگل سوراشٹر کے علاقے میں آٹھ اضلاع پر محیط ہیں اور اس کا رقبہ تقریبا 22 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔

متعلقہ عنوان :