چینی آبدوزکی پاکستانی بندر گاہ پرآمد ایک بڑے گیم کا آغاز ہے ،بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل آر کے دھون

اتوار 28 جون 2015 16:47

چینی آبدوزکی پاکستانی بندر گاہ پرآمد ایک بڑے گیم کا آغاز ہے ،بھارتی ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 جون۔2015ء) بھارتی بحریہ نے چینی آبدوز کے پاکستانی بندر گاہ پر آنے کے واقعے کو بڑے گیم کا آغاز قرار دیدیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بحریہ کے چیف ایڈمیرل آر کے دھون کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ نے چینی آبدوز کی نقل و حرکت پر ہر منٹ کی مانیٹرنگ کی ہے۔انہوں نے چینی آبدوز کے پاکستانی بندر گاہ پر آنے کے واقعے کو بڑے گیم کا آغاز قرار دیدیا ہے۔

بھارتی میگزین ”انڈیا ٹوڈے “نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ چین کی انتہائی جدید آبدوزبحیرہ عرب میں بھارت کے جنوبی سمندری راستے سے گزرتی ہوئی کراچی بندرگاہ پہنچی ہے جو سیکورٹی حکام کے لیے ایک پریشان کن امر ہے۔ بھارتیسکیورٹی اسٹیبلشمنٹ جنوبی بلاک میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب انھیں معلوم ہوا کہ ان کی سمندری حدود سے چین کی آبدوز کا گزر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کے گذشتہ ماہ چین کے دورے کے ایک ہفتے کے بعد ہی کسی بھی چینی آبدوز کا پہلی بار بھارتی سمندری حدود کے اس قدر قریب سے گزر ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ بھارتی بحریہ کیلئے ایک بڑا الرٹ تھا، جب چین کی سب سے خطرناک لڑاکا آبدوز یوآن کلاس 335 نے بحیرہ عرب کو عبور کیا اور 22 مئی کو کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر ایٹمی تاہم جدید ہتھیاروں اور اینٹی شپ میزائلوں سے لیس چینی آبدوز پر عملے کے 65 اراکین سوار تھے۔ چینی آبدوز نے کراچی بندرگاہ پر ایک ہفتہ قیام کیا اور ایندھن بھرنے کے بعد واپس چین کے لیے روانہ ہوگئی۔بھارتی میڈیا میں اس بات پر بھی بے چینی پائی جاتی ہے کہ چین پاکستان کو آنے والے سالوں میں یوآن کلاس کی آٹھ آبدوزیں فراہم کرنے جارہا ہے۔