ناقدین کو اس بار بھی غلط ثابت کروں گا،سعید اجمل

اتوار 28 جون 2015 18:54

ناقدین کو اس بار بھی غلط ثابت کروں گا،سعید اجمل

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28جون ۔2015ء ) قومی ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ناقدین کو اس بار بھی غلط ثابت کردیں گے کیونکہ یہی لوگ ان کے ایکشن کے کبھی درست نہ ہونے کے دعوے بھی کیا کرتے تھے ۔ ان کا کہنا ہے پاکستان میں یہ رواج ہے کہ ایک یا دو مرتبہ خراب کارکردگی کے بعد کسی کے اوپر بھی خط تنسیخ کھینچ دیا جاتا ہے اور ماضی کی تمام کارکردگی بالائے طاق رکھتے ہوئے خاتمے کا اعلان کرنے میں دیر نہیں لگائی جاتی۔

آف سپنر کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان کے ختم ہونے یا دن گنے جانے کی باتیں کر رہے ہیں ماضی قریب میں یہ دعوے بھی کر رہے تھے کہ سعید اجمل کا ایکشن کبھی کلیئر نہیں ہوگا اور وہ دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح انہوں نے اپنے بالنگ ایکشن کے حوالے سے ناقدین کو غلط ثابت کیا اسی طرح کارکردگی کے متعلق بھی انہیں جلد ہی بغلیں جھانکنے پر مجبور کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ناقدین کو یاد دلایا کہ ان کی تمام تر ورائٹیز کلیئر ہو چکی ہیں اور ان میں سے کچھ کو کلیئر نہیں کیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ تھوڑے سے تبدیل شدہ ایکشن کے ساتھ روایتی کارکردگی دکھانے میں انہیں کچھ وقت لگے گا لہٰذا ان کی طرح مداح بھی صبر سے کام لیں کیونکہ انہوں نے اپنی بالنگ پر حالیہ عرصے میں جو کام کیا ہے اس کے بہترین نتائج کیلئے کچھ وقت لگ سکتا ہے ۔ سعید اجمل نے اعتراف کیا کہ بالنگ ایکشن میں تبدیلی سے ذہنی طور پر اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن وہ کھیل کا آغاز کرنے والے ینگسٹر نہیں کہ اس سے باہر نہ نکل سکیں کیونکہ وہ اب بھی وہی سعید اجمل ہیں جسے اپنی بالنگ پر بھروسہ ہے ۔