سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ 7وکٹوں سے اپنے نام کر لیا، سیریز 1-1سے برابر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 جون 2015 11:53

سری لنکا نے کولمبو ٹیسٹ 7وکٹوں سے اپنے نام کر لیا، سیریز 1-1سے برابر

کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29جون۔2015ء) دوسر ے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کیخلاف 7وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے 3ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1سے برابر کر دی ہے۔ کولمبو کے پی سارا اوول گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ کے آخری روز گزشتہ رات کی موسلا دھا ر بارش کے باعث میچ 45منٹ تاخیر سے شروع ہوا تو سری لنکا نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اوپنر وتھانیج اور کارونارتنے نے پہلی وکٹ کی شراکت میں محض 7اوورز میں 49رنز جوڑ ے،وتھانیج 34رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کمار سنگاکارا پاکستان کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کی آخری اننگز میں 0کی خفت سے دوچار ہوگئے جس سے پاکستان کیلئے میچ واپسی کی کچھ امید پیدا ہوئی تاہم کپتان اینجلو میتھیوزاور کارونارتنے نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 74رنز بناکر میچ پرسری لنکا کی گرفت مضبوط کر دی۔

(جاری ہے)

کارونارتنے 50رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انکے بعد آنیوالے نائب کپتان تھریمانے نے اپنے قائد اینجلومیتھیوز کے ساتھ ملکر سری لنکا کی نیا پار لگا دی۔

میتھیوز 43اور تھریمانے 20رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2اور ذوالفقار بابر نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا۔ یہ سری لنکا کی ہوم گراؤنڈ پر 50ویں ٹیسٹ کامیابی ہے۔ آئی لینڈ فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد کو میچ میں 7وکٹیں حاصل کر نے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 138 رنز بنائے تھے جب کہ جواب میں سری لنکا نے اپنی اننگز میں 315 رنز بنائے۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 329 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لئے 153 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں محمد حفیظ 42 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سری لنکا کی جانب سے تھرینڈو کوشال نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں کوشال سلوا نے 80 اور اینجلو میتھیوز نے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا سے شکست کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :