ٹیوٹا کے زیر انتظام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے خواتین ٹاؤن شپ میں41طالبات نے ایک سالہ کمرشل کورس کامیابی سے مکمل کر لیا

پیر 29 جون 2015 12:21

لاہور ( (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)) ٹیوٹا کے زیر انتظام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے خواتین ٹاؤن شپ میں41طالبات نے ایک سالہ کمرشل کورس کامیابی سے مکمل کر لیا ۔یہ پروگرام جرمن پاکستان ٹریننگ انیشی ایٹو (جی پی اے ٹی آئی) پروگرام کے تحت گذشتہ سال جی آئی زیڈکے تعاون سے شروع کیا گیا تھا ۔ان خیالات کا اظہار چےئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز حامد غنی انجم، عبد القیوم، اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ جپاتی پروگرام کے تحت4کورسز بشمول دو سالہ دورانیہ کے ٹیکنیکل کورسز الیکٹریشن اور مشینسٹ گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ مغل پورہ اور دو سالہ دورانیہ کے کمرشل کورسزکسٹمر سروس آفیسر اور سیلز آفیسر گورنمنٹ ٹیکنکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ برائے خواتین ٹاؤن شپ میں شروع کئے گئے جس میں چھ ماہ کی آن جاب ٹریننگ بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

اس طرح زیر تربیت طلباء کو عملی تجربہ بھی حاصل ہوگا۔اس پروگرام میں حصہ لینے والی انڈسٹریز میں ڈائیوو ،ڈیسکون ،ٹریٹ کارپوریشن اورملت کے علاوہ دیگرمعروف صنعتیں شامل ہیں ۔جپاتی(GPATI) کے فارغ و التحصیل طلباء کو نوکریوں کی پیشکش ہو چکی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ وہ پر اُمید ہیں کہ کورس مکمل کرنے والی41طالبات اپنے متعلقہ سیکٹر میں نوکریاں حاصل کر لیں گی ۔

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ ، انڈسٹری اور متعلقہ اداروں کے ممبران پر مشتمل کمیٹی نے زیر تربیت افرادی قوت کے امتحانات اور اسیسمنٹ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ وکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا پنجاب کی طرف سے اٹھا ئے گئے اقدامات نوجوانوں کیلئے روزگار اور صوبے کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر انڈسٹری کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔