آئی سی سی نے للت مودی کی ایل میل موصول ہونے کی تصدیق کردی

پیر 29 جون 2015 12:34

آئی سی سی نے للت مودی کی ایل میل موصول ہونے کی تصدیق کردی

دبئی((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈین پریمئر لیگ کے تین کھلاڑیوں کے رشوت لینے سے متعلق 2013 میں للت مودی کی ای میل موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔لندن میں مقیم مودی نے ٹوئٹر پر ایک ای میل جاری کی جو انہوں نے مبینہ طور پر 2013 میں آئی سی سی کے سی ای او ڈیو رچرڈسن کو لکھی تھی۔مودی کے مطابق، انہوں نے ڈیو رچرڈسن کو بتایا تھا کہ آئی پی ایل ٹیم چنائی سپر کنگز کے تین کھلاڑی سریش رائنا، روندرا جڈیجا اور ڈیوائن براوو میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

مودی نے انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر اور انڈیا سیمنٹ پر بھی لوگوں کو دھوکا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے دعوی کیا کہ آئی پی ایل کے ایک میچ میں تقریباً نو ہزار سے دس ہزار کروڑ تک کا جوا کھیلا جاتا ہے۔ آئی سی سی نے اپنی ویب سائٹ پر ای میل کے حوالے سے جاری بیان میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کونسل نے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی۔ آئی سی سی جون، 2013 میں مودی کی خفیہ ای میل موصول ہونے کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ ای میل اْس وقت اے سی ایس یو کو فراہم کر دی گئی تھی‘۔’اے سی ایس یو نے ای میل میں درج معلومات پر مروجہ قواعد کے مطابق کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی کے انسداد کرپشن یونٹ کو بھی مطلع کیا‘۔