رومی کشمیر میاں محمد بخش کی سرزمین کے رہنے والے نہ صرف اچھے میزبان ہیں بلکہ بہترین ادبی ذوق کے مالک بھی ہیں‘کمشنر میرپور ڈویژن

پیر 29 جون 2015 13:07

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز علی خان نے کہا ہے کہ الخیر یونیورسٹی آزادکشمیر کے وائس چانسلر ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ ،نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد کے چیئرمین پروفیسر سردار عامر عباسی نے جس طریقے سے میرپور میں ادبی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دینے کا عملی ثبوت دیا ہے اس پر انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کسی بھی علاقے کی ثقافت ،شاعری ،موسیقی اور مختلف معاشرتی قدروں کو فروغ دینے کے لیے جو ادارے کام کرتے ہیں وہ کسی بھی مملکت کے لیے سب سے بڑا اثاثہ ہوتے ہیں ۔

آفیسرز کلب میرپور کی ادبی وثقافتی تنظیم ”میرپور کافی ہاوس“ نے میرپور کی سرزمین پر بین الاقوامی شہرت یافتہ مزاحیہ شعراء پروفیسر خالد مسعود اور پروفیسر سرفراز شاہد کو بلوا کر انتہائی کامیاب مشاعرہ کروایا ہے اور اہل میرپور نے بہت بڑی تعدا د میں اس مزاحیہ مشاعرے میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ رومی کشمیر میاں محمد بخش کی سرزمین کے رہنے والے نہ صرف اچھے میزبان ہیں بلکہ بہترین ادبی ذوق کے مالک بھی ہیں۔

(جاری ہے)

مزاحیہ مشاعرے کی کامیابی میں صدر میرپور کافی ہاوس ڈاکٹر سی ایم حنیف ، جنید انصاری ، پروفیسر ارشد راٹھور، ڈاکٹر امجد محمود، ڈاکٹر طاہر محمود، ڈاکٹر ریاست علی چوہدری اور تمام ٹیم کے علاوہ الخیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امتیاز اقدس گوارئیہ اور پروفیسر عامر سمیت تمام منتظمین کو دلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آفیسرز کلب میرپور میں منعقدہ مزاحیہ مشاعرے کے اختتام پر خصوصی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازاں آفیسرز کلب میرپور کی ادبی وثقافتی تنظیم میرپور کافی ہاوس کی مجلس مشاعرہ میں مہمان شعراء خالد مسعود اور سرفراز شاہد نے دو گھنٹے تک اہل میرپور کے سامنے اپنا کلام پیش کیا۔سینکڑوں کی تعداد میں خواتین وحضرات نے مزاحیہ مشاعرے میں شرکت کی اور شعراء کو زبردست داد دی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کشمیر پریس کلب کے رکن جنید انصاری نے سرانجام دئیے۔

تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر طاہر نور، چےئرمین تعلیمی بورڈ چوہدری ظہیر ، اے ڈی سی جی فاروق اکرم ،سابق کمشنر راجہ فضل الرحمن، سابق ڈپٹی کمشنر چوہدری ارشد، اسٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم 93ریڈیو آزادکشمیر چوہدری شکیل ، سابق صدر کشمیر پریس کلب میرپور سید عابد حسین شاہ، سابق جنرل سیکرٹری سجاد جرال،جنرل سیکرٹری پریس کلب شجاع عزیز جرال، سینئر صحافی سردار عابد ، سینئر صحافی ظہیر اعظم جرال ، صدر کشمیر بلڈ بینک محمد عظیم خان ، ڈاکٹر عبدالحمید خواجہ کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مشاعرے کی تقریب میں مقامی شعراء لالہ فاروق، پروفیسرعابد حسین عابد، پروفیسر صغیر آسی پرنسپل گورنمنٹ کالج کلیال، محمد آفاق کے علاوہ دیگر نے بھی کلام پیش کیا۔ تقریب کے دوران شرکاء تالیاں بجابجا کر داد دیتے رہے۔ شرکاء تقریب کو مشروبات اور اشیائے خوردونوش دینے کا سلسلہ اختتام تک جاری رہا۔