صاحب حیثیت لوگ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھیں‘ چوہدری محمد ایوب

پیر 29 جون 2015 13:07

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کے سابق صدر چوہدری محمد ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں غریب اور متوسط طبقہ کے مسائل بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں ان حالات میں صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کہ وہ آگے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھا کر اپنے رب کو راضی کر لیں خصوصاًیتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری اٹھا کر ہم قیامت کے روز اپنے پیارے نبی کی شفاعت کے حق دار ہو جاتے ہیں یتیم بچے کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرنے سے جتنے بال ہاتھ کے نیچے آئیں گے اتنی نیکیاں اس شخص کے اعمال نامے میں درج ہو نگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے ساتھ ساتھ میرپور میں 15رمضان المبارک کو ” ورلڈ آرفن ڈے “کے موقع پر تقریب کا انعقاد کرنے کے لیے تیاریاں خوش آئند ہیں اور اس موقع پر سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد تقریب میں شرکت کر کے یتیم بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت ہماری ذمہ داری ہے تا کہ وہ بڑے ہو کر معاشرے کا مفید شہری بن کر ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کرنے کے قابل ہو سکیں ۔چوہدری محمد ایوب نے مزید کہا کہ یتیم بچے اپنی مرضی سے یتیم نہیں بنتے بلکہ اللہ تبارک تعالیٰ کے نظام قدرت کے باعث وہ یتیم بن جاتے ہیں اور ان کا یتیم بننا ایسے لوگوں کا امتحان بن جاتا ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے دولت سے نواز تے ہوئے یتیم بچوں کی پرورش کی ذمہ داری سونپی ہے اور ایسے لوگ جو اللہ کے دیئے ہوئے مال سے ان یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت کا ذمہ لے لیتے ہیں وہ امتحان میں پاس ہو جاتے ہیں اور قیامت کے روز یقینا ایسے لوگوں کا اللہ کا قرب حاصل ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم ہم سب کی ذمہ داری ہے تا کہ یہ بچے بڑے ہو کر معاشرے کا مفید شہری بن کر ملک کی خدمت کر کے اپنا فرض پورا کر سکیں ۔