پاک سری لنکا ٹیسٹ ‘ سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1سے برابر کردی

پیر 29 جون 2015 13:14

پاک سری لنکا ٹیسٹ ‘ سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے ..

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1سے برابر کردی‘ سری لنکا نے میچ کے آخری دن 153 رنز کا ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا‘ سری لنکا کی جانب سے کارونا رتنے 50‘ کپتان انجیلو میتھیوز43‘ وتھنگے 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے‘ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 اور ذوالفقار بابر نے ایک وکٹ حاصل کی‘ سری لنکا کے فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد کو میچ میں 7وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین کولمبو کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کے آخری دن سری لنکن ٹیم نے 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کارونارتنے اور رتھنگے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 49رنز کا اوپننگ سٹینڈ مہیا کیا۔

(جاری ہے)

49رنز کے سکور پر رتھنگے 34رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین سنگاکارا پہلی ہی گیند پر یاسر شاہ کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں بغیر کوئی رنز سکور کئے آؤٹ ہوگئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے کارونا رتنے کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے ٹیم کا سکور 121رنز تک پہنچا دیا۔ 121رنزکے مجموعی سکور پر سری لنکن اوپنر کارونا رتنے 50رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

سری لنکا نے 26.3اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ لنکن کپتان اینجلو میتھیوز 43 اور تھرمانے 20رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے دو اور ذوالفقار بابر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کے فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد کو میچ میں مجموعی طورپر سات وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سری لنکا اور پاکستان کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ تین جولائی سے پالا کیلی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دونوں ملکوں کے مابین پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز گیارہ جولائی سے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :