اتھلیٹکس لیگ ، دو سو میٹر دوڑ میں جسٹن گاٹلن نے کامیابی حاصل کر لی

پیر 29 جون 2015 13:15

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء ) امریکہ میں ہونے والی اتھلیٹکس لیگ چیمپئن شپ میں ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کی رونقیں دوبالا کر دیں۔ اتھلیٹکس لیگ چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کی ریس کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ ایونٹ کی پہلی 200 میٹر مردوں کی ریس میں امریکہ کے ورلڈ کلاس ایتھلیٹ جسٹن گاٹلن نے کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے مقررہ فاصلہ صرف 19 اعشاریہ پانچ سات سیکنڈز میں عبور کیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد خواتین کی 200 میٹر ریس میں ایتھلیٹس نے ایک دوسرے پر سبقت لینے کیلئے خوب زور لگایا لیکن امریکہ کی جینا پراڈینی نے 22 اعشاریہ دو صفر کی رفتار سے مقررہ فاصلہ عبور کر کے فتح سمیٹی۔ مردوں کی 110 میٹر رکاوٹوں کی ریس میں ڈیوڈ اولیور 13 اعشاریہ صفر چار سیکنڈز میں فاصلہ عبور کر کے فتح کے حق دار رہے جبکہ خواتین کی 1500 میٹر ریس میں امریکہ کی جینیفر سمپسن کامیاب رہیں ، انہوں نے ریس کا مقررہ فاصلہ 4 منٹ اور چودہ اعشاریہ چار آٹھ سیکنڈز میں عبور کیا۔