رمضان بازاروں میں آویزاں پرائس بورڈ پر اشیاء کی مارکیٹ قیمت بھی درج کی جائے،ڈی سی اورحیم یارخان

پیر 29 جون 2015 13:47

رحیم یارخان ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ڈی سی اورحیم یارخان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے ہدایت کی ہے کہ رمضان بازاروں میں آویزاں پرائس بورڈ پر اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ مارکیٹ قیمت بھی درج کی جائے اور ان بورڈز کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کیا جائے تاکہ ہر شے کی قیمت باآسانی دیکھی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور ان کی تجاویز سے مستفید ہونے کے لئے انتظامی افسران متحرک کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود ساختہ قلت و مہنگائی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور ناپ تول کرنے والے اوزان کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔انہوں نے رمضان بازار کوٹسمابہ کے دورہ پر بہترین صفائی اور خوبصورت انتظامات کرنے پر نائب تحصیلدار ملک غیور عباس کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اسی محنت و جذبے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد، ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ عمران حیدر ٹیپو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔