حضرت امام حسن کا 1433واں یوم ولادت جمعہ کو منایا جائے گا

پیر 29 جون 2015 13:50

جہلم ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ملک بھر میں نواسہ رسول ، حضرت امام حسن کا 1433واں یوم ولادت جمعہ 15رمضان المبارک کو مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔جہلم میں بھی محافل جشن منعقد ہونگی اور دستر خوان حضرت امام حسن سجائے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسن کا یوم ولادت3جولائی بروز جمعہ 15رمضان المبارک کو مذہبی جوش و جذبے اور تزک و احتشام سے منایا جا ئے گا۔

شب جمعہ کوملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں اور بعض دیہات کی امام بارگاہوں اور مساجد میں بھی ولادت باسعادت کی مناسبت سے محافل جشن کا اہتمام کیا جائے گا۔ علماء و واعظین اور ذاکرین حضرت امام حسن کی ولادت و سیرت مبارکہ پر مفصل خطابات کر یں گے جبکہ ذاکرین حضرات منقبت و قصائد پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

کئی ایک مقامات پر حضرت امام حسن کی ولادت باسعادت کی خوشی میں دستر خوان حضرت امام حسن سجائے جائیں گے اور افطار ڈنر دیا جائے گا ۔

جامع امام حسن مجتبیٰ چک نتھہ سرائے عالمگیر میں علامہ سید اشتیاق کاظمی کی طر ف سے سالانہ جشن ولادت حضرت امام حسن جمعرات 2جولائی کو سہ پہر کے وقت منعقد ہوگا ،جس میں علاقہ بھر کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی ۔محفل کے بعددستر خوان حضرت امام حسن سجایا جائے گا اور حاضرین کو افطار ڈنر کرایا جائے گاجبکہ جہلم شہر کی مرکزی امام بارگاہ امامیہ میں جمعہ 3جولائی کی شب انجمن امامیہ جہلم کے سر پرست اعلیٰ سید مسعود الحسن گیلانی و برادران کی جانب سے دسترخوان حضرت امام حسن سجایا جائے گا اور مومنین کو افطار ڈنر دیا جائے گا۔

نواسہ رسول حضرت امام حسن 15رمضان المبارک 3ہجری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے ،آپ حضرت مولا علی اور دختر پیغمبر گرامی حضرت بی بی فاطمتہ الزہرا کے سب سے بڑے بیٹے اور نبی کریم کے بڑے نواسے ہیں ۔ولادت کے بعد نبی کریم نے نو مولود کو اپنی گود میں لیا، ان کو اپنی زبان مبارک چوسائی، ایک کان میں اذان اور دوسرے میں اقامت کہی اور اللہ کے حکم سے ”حسن “نام ر کھا۔اور حضرت امام حسن کا حقیقہ بھی خود نبی کریم نے کیا۔