راجباہوں ، کھالوں کی عدم نگہداشت اور نہروں کی ناقص منصوبہ بندی سے 49 ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع ہو رہاہے،آبی ماہرین

پیر 29 جون 2015 13:54

فیصل آباد ۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے جس کی بقاء کیلئے پانی بنیادی حیثیت کا حامل ہے لیکن یہ امر انتہائی تشویش ناک ہے کہ پاکستان کے نہری نظام میں سالانہ دستیاب 142ملین ایکڑ فٹ پانی میں سے 36 ملین ایکڑفٹ پانی بحیرہ عرب میں گر کر جبکہ 49 ملین ایکڑ فٹ پانی راجباہوں ، کھالوں کی عدم نگہداشت اور نہروں کی ناقص منصوبہ بندی سے ضائع ہو رہاہے نیز مذکورہ پانی کو ذخٰیرہ کر کے قابل استعمال بنانے کیلئے نئے آبی ذخائر کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے آبی ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں پانی کی کمی کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ چند سالوں کے دوران پانی کی فی کس دستیابی 5650مکعب میٹر سے کم ہو کر 1200 مکعب میڑ رہ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں نہری نظام سے 56ملین ایکڑ فٹ پانی مہیا ہوتا ہے جس میں سے 12ملین ایکڑ فٹ پانی نہروں ، کھالوں ، راجباہوں کے ذریعے ضائع ہو جاتا ہے اس طرح 58110کھالوں کیلئے 44.8ملین ایکڑ فٹ پانی میسر ہے جو 40.61ملین ایکڑ کاشتہ رقبہ کی آبپاشی کیلئے ناکافی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پانی کی کمی کو پورا کر نے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے پانی کا ضیاع روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کھالے پختہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :