بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت

پیر 29 جون 2015 13:57

فیصل آباد ۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بہاریہ کماد کو نائٹروجن کی آخری قسط فوری ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ جن کاشتکاروں نے ابھی تک کھیتوں میں نائٹروجن کھاد کی آخری قسط نہیں ڈالی و آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران فصل کو کھاد کی تیسری خوراک کے طور پر آخری قسط ڈال دیں تاکہ فصل کا اگاؤ بہتر ہو سکے نیز اگر کھاد دیر سے ڈالی گئی تو برسات شروع ہونے پر فصل کی بڑھوتری پھوٹ کرنے لگے گی جس سے گنے کے گرنے کا خطرہ بھی ہو سکتاہے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ مونڈھی فصل کو نئی فصل کی نسبت 30 فیصد زائد کھاد کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کماد کی فصل پر گڑووٴں کے حملے کے کوئی شواہد نظر آئیں تو ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانے دار زہروں کا استعمال کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ زہروں کے استعمال کے بعد کھیتوں کو پانی لگانے کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔