صہیونی فوجیوں کا کم عمر دو فلسطینیوں قیدیوں پر وحشیانہ تشدد، قید تنہائی میں ڈال دیا گیا

پیر 29 جون 2015 14:11

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے دو کم عمرفلسطینیوں کو اسرائیلی جیل مجد میں دوران حراست صہیونی فوجیوں نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔مجد جیل میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد دونوں کو ’ہشارون‘جیل میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔

بیت المقدس میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے 17 سالہ صہیب عفانہ اور امین حامد کو مجد جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہیں زنجیروں میں جکڑ کرگاڑیوں میں ڈالا گیا جہاں ہشارون جیل کی طرف لیجاتے ہوئے دوبارہ انہیں بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران کے مطابق بیت المقدس کے کم عمر اسیران کو گزشتہ روز مجد جیل سے ہشارون قید خانے منتقل کیا گیا جہاں انہیں قید تنہائی میں ڈالا گیا تاہم قیدیوں کے احتجاج کے بعد انہیں قید تنہائی سے نکالا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں کی جانب سے دوسرے قیدیوں سے الگ کرنے پر احتجاج کرنے دونوں کم عمراسیران کو 60 ، 60 ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔