کم عمر بچیاں قبلہ اول میں نمازیوں کی خدمت پر مامور

نمازیوں کی خدمت پر فخر ہے، صفیں درست اور صفائی کا اہتمام کر کے دلی خوشی ہوتی ہے، میس شحادہ، فخریہ حماد

پیر 29 جون 2015 14:13

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)قبلہ اول میں نمازیوں اور مقدس مقام میں عبادت کیلئے آنیوالے مہمانوں کی خدمت ہرفلسطینی کی دلی خواہش ہے، قبلہ اول کی حفاظت ہو یا صفائی اورطہارت ونظافت کا معاملہ، انتظامی امور ہوں یا تعمیر ومرمت کا کام ہرعمراور صنف کے فلسطینی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے دکھائی دیتے ہیں۔رمضان المبارک آتے ہی قبلہ اول میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔

رواں ماہ صیام میں بیت المقدس کی 80 کم عمربچیاں بھی نمازیوں کی خدمت پرہمہ تن مصروف ہیں۔رضاکار فلسطینی بچیاں نمازیوں کی آمد سے قبل مسجد اقصیٰ میں کالینوں کی صفائی کیساتھ ساتھ صفیں ٹھیک کرتی ہیں جہاں کہیں صف موجود نہ ہو وہاں دریاں بچھاتی ہیں اور یہ سلسلہ نماز فجرسے تراویح تک جاری رہتا ہے۔

(جاری ہے)

18سالہ میس شحادہ نے بتایا کہ میں قبلہ اول کے رضاکاروں کی خواتین کمیٹی کی رکن ہوں اور نمازیوں کی خدمت پرمجھے فخر ہے۔

اس نے کہا کہ قبلہ اول میں انتظامی معاملات وہ تنہا نہیں انجام دے رہی ہیں بلکہ دوسری بھی کمیٹیاں موجود ہیں لیکن خود نمازی بھی ہمارا ہاتھ بٹاتے ہیں۔ شحادہ کا کہنا تھا کہ ہم نمازوں کے اوقات میں نمازیوں کی آمد سے قبل صفیں درست کرتی ہیں اور قبلہ اول کے اندرنی اور بیرونی احاطے کی صفائی کااہتمام کرتی ہیں یہ سب کچھ کر کے ہمیں دلی خوشی ہوتی ہے۔22 سالہ فخریہ حماد نے کہا کہ میری بنیادی ذمہ داری صفائی اور صفوں کی درستی ہے۔ اس کے علاوہ کسی ہنگامی حالت میں ہنگامی دروازے کھولنا اور نمازیوں کی آمدورفت میں انہیں ہرممکن سہولت مہیا کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔