پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کل سے کارکنوں سے ملاقاتوں کا باقاعدہ آغاز کر یں گے

پیر 29 جون 2015 14:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی چھ ماہ سے زائد کے عرصے کے بعد سوموار کے روز وطن واپسی ‘عوامی تحر یک کے سینکڑوں کارکنان کا اےئر پورٹ سے تحر یک منہاج القر آن سیکرٹر یٹ تک شاندار استقبال ‘کبوتر بھی فضا میں چھوڑنے کے ساتھ ساتھ کارکنوں نے کئی من پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں‘ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور گھڑ ڈانس بھی دکھایاجاتا رہاجبکہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کل (منگل ) سے کارکنوں سے ملاقاتوں کا باقاعدہ آغاز کر یں گے ۔

سوموار کے روز عوامی تحر یک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری غیر ملکی دورے کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل اےئر پورٹ پہنچے تووہاں عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی ، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،ڈاکٹر طاہر القادری کے دونوں صاحبزادے اور دیگر نے انکا استقبال کیا جسکے بعد انکو بہت بڑے جلوس کے ہمراہ مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ماڈل ٹاؤن میں منہاج القر آن سیکرٹر یٹ پہنچے اےئر پورٹ سمیت تمام راستے سیکورٹی کے انتہا ئی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ڈاکٹر طاہر القادری ایئر پورٹ سے باہر آئے تو کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں کارکنوں نے ہاتھوں میں قومی اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ مرد و خواتین کارکنوں نے پارٹی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے رومال اور اسکارف اوڑھ رکھے تھے جو وقفے وقفے سے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کو سخت سکیورٹی حصار میں سیاہ رنگ کی پراڈو میں سوار کرایا گیا اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی پیدل ، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر ان کے قافلے میں شریک ہو گئی راستے میں بھی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ان کے استقبال کے لئے موجود تھی جو انکی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے جبکہ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور گھڑ ڈانس بھی دکھایاجاتا رہا ۔ڈاکٹر طاہر القادری کا قافلہ مختلف راستوں سے ہوتا ہوا ماڈل ٹاؤن پہنچا جہاں پہلے سے موجود مرد و خواتین کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری آج منگل سے کارکنوں سے باقاعدہ ملاقاتوں کا آغاز کر یں گے ۔