(ن) لیگ آزادکشمیر کی جانب سے متحدہ کیخلاف زہریلے پروپیگنڈا کا مقصد عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانا ،کرپشن ،نااہلی پر پردہ ڈالنا ہے، محمد طاہرکھو کھر

پیر 29 جون 2015 14:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہرکھو کھرنے کہا ہے (ن) لیگ آزادکشمیر کی جانب سے متحدہ کے خلاف زہریلے پروپیگنڈا کا مقصد عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانا اور اپنی کرپشن اور نااہلی پر پردہ ڈالنا ہے ‘ اپوزیشن کی منفی سیاست کے باعث ریاست کو ناقابل تلافی نقصان ہوچکا ہے ‘ گزشتہ سال بھی ن لیگ کی قیادت کے حکومت مخالف پروپیگنڈا کے باعث وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کیلئے 5 ارب روپے کے منظور شدہ منصوبہ جات ختم کئے میں میں خود روزگار سکیم بھی شامل تھی جس کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملنا تھا اس کے علاوہ کئی بڑی سڑکوں کے منصوبوں بھی ن لیگ آزادکشمیر کی قیادت کے پروپیگنڈا اور واویلا کے باعث وفاق نے ڈراپ کر دیئے جس سے ریاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا - سول سوسائٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر طاہرکھوکھر نے کہاکہ آج جو لوگ اپوزیشن میں بیٹھ کر زہریلا پروپیگنڈا اور الزامات لگا رہے ہیں ماضی میں یہی لوگ کئی دہائیوں تک کسی دوسری سیاسی جماعت کی چھتری تلے برسراقتدار رہے اور ریاستی وسائل پر پر قابض رہے انہیں کی غلط پالیسیوں کے باعث آج تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ‘ صرف اپنوں کو نوازنے کیلئے درجنوں ادارے اور محکمے قائم کئے گئے جن کا عوام یا ریاست کو کوئی فائدہ نہیں حتی کہ کئی ادارے صرف اپنے قریبی عزیزوں کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے قائم کئے گئے - ان لوگوں سے ساٹھ سالوں میں کوہالہ روڈ تک نہ بن سکی تھی

کیونکہ اس روڈ کے نام پر ماضی کے حکمرانوں نے اربوں روپے اپنے منظور نذر ٹھیکیداروں میں تقسیم کئے‘ محکمہ تعلیم میں ایسے سکول اور کالج بھی قائم کئے گئے جہاں طلباء کم اور اساتذہ زیادہ بھرتی کر لئے گئے ‘غرض ہر محکمہ کو تباہ کیا گیا موجودہ حکومت نے اپنی اصلاحات کے تحت آج اداروں کو دوبارہ فعال کردیا ہے‘ میڈیکل کالجز ‘ وویمن یونیورسٹیاں‘ یونیورسٹیاں‘ ہیلتھ اور ایجوکیشن پیکیج جیسے منصوبہ جات سے ریاست دوبارہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہی کیونکہ یہ ماضی کے حکمران ہیں اور عوام نے اب ان کا احتساب کرنا ہے- طاہرکھوکھر نے کہاکہ ایم کیو ایم نے آزادکشمیر کے عوام کے اندر شعور پیدا کیا ہے -آج ہر گاؤں ‘ گلی محلے تک قائد تحریک الطاف حسین بھائی کا فکر و فلسفہ پھیل چکا ہے ‘ آزادکشمیر کے عوام روایتی اور موروثی سیاست کیخلاف اٹھ کھڑے ہیں - موروثی سیاستدانوں کو خود چاہیے کہ وہ اب ریاست اور عوام پر احسان کرتے ہوئے سیاست چھوڑ کر کوئی اور کام شروع کردیں کیونکہ ان کی سیاست اب دم توڑ چکی ہے -طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم موروثی سیاست دانوں کو اب عوام کا مزید استحصال نہیں کرنے دے گی ‘ گزشتہ ساٹھ سالوں سے حکومت کرنے والے نام نہاد سیاستدانوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا انہوں نے اپنی تجوریاں تو بھری ہیں ‘اپنے عزیزوں کو نوازا ہے لیکن عوام کی اکثریت آج بھی غربت کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ‘ ہزاروں لوگ دن کو سڑکوں پر ٹرانسپورٹوں اور نمبرداروں اور پولیس والوں کے ہاتھ ذلیل ہوتے ہیں‘ ہزاروں غریب ہسپتالوں میں ادویات نہ ملنے کے باعث مر جاتے ہیں ‘ ہزاروں غریب بچے وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم ہیں‘ ہزاروں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ استحصالی سیاستدانوں کے اپنے بھانجے ‘ بھتیجے اور اولادیں اعلی عہدوں پر فائز ہیں اب یہ سلسلہ مزید نہیں چلے گا- طاہرکھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور وہ وقت دور نہیں جب متوسط طبقہ کی یہ انقلابی تحریک ملک بھر میں کامیابی کی منازل حاصل کریگی۔

متعلقہ عنوان :