کراچی، شہر میں ہونیوالی ہلاکتوں کی ذمہ داری کراچی الیکٹرک ہے،محمد علی جروار

پیر 29 جون 2015 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نمائندہ وفد نے مولانا محمد علی جروار کی قیادت میں معروف عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات کی وفد میں سندھ کے مختلف اضلاع کے نمائندگان شامل تھے۔اس موقع پر قومی و ملی امور زیر بحث آئے جبکہ مولانا کی اہلیہ کے لئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ،بعد ازاں علماء کرام نے شہر کراچی میں ہونیوالی ہلاکتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کی ہلاکت کی ذمہ دار کراچی الیکٹرک اور حکومت سندھ ہے ۔

کیونکہ موسم کی سختی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو پانی و بجلی سے محروم رکھا گیا جس کی وجہ سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا جبکہ ہسپتالوں اور فلاحی مراکز میں کسی قسم کی سہولیات موجود نہ تھیں جس کی تمام تر ذمہ داری شہری اور صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان رہنماوٴں نے افواج پاکستان اور سندھ رینجرز کی جانب سے لگائے گئے امدادی کیمپوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ حکومت یہ سارے اقدامات خود کرتی ،لیکن ہمارے حکمرانوں کو عوام کی فکر نہیں بعد ازاں شہر میں ہونیوالے ہلاک شدگان کیلئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی گئی اور حکومت سے کہا گیا کہ وہ مرنیوالوں کو مالی معاوضہ دے اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کثر نہ چھوڑی جائے۔

متعلقہ عنوان :