ریاست کی تعمیروترقی ،خوشحالی کیلئے مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے،چوہدری احسن منظور

پیر 29 جون 2015 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ ریاست کی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے مسلم لیگ ن کا اقتدار میں آنا ناگزیر ہو چکا ہے۔بجٹ سے عوام میں مایوسی پھیلی ہے‘ یہ بجٹ حکمرانوں کی ذاتی خواہشات کو پورا کرنے کیلئے ہے‘2016کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی یقینی ہے۔

عوام مطمئن رہیں اگلا بجٹ انشاء اللہ مسلم لیگ ن پیش کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری احسن منظور نے کہا کہ پی پی حکومت کی چار سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ عوام کی بجٹ سے لگی امیدیں بھی دم توڑ گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن عوامی امنگوں کی ترجمان جماعت ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کررہی ہے۔

حلقہ تین کے مسائل کے ذمہ دار حکمران ہیں ۔ لوہارگلی لینڈ سلائیڈنگ پر قابو پانے کیلئے کوئی جامع حکمت عملی اپنائی نہیں گئی ہے۔ صرف فوٹو سیشن کر کے عوام کو بیوقوف نہ بنایا جائے ‘ لوہارگلی لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کے جائز مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضاء کو قائم رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں۔ عوام سے کھلواڑ کرنیوالوں کو عوام ووٹ کی پرچی سے مسترد کرکے ان کی ضمانتیں بھی ضبط کروائیں تاکہ عوامی انقلاب برپا ہوسکے تاکہ ریاست کی تعمیروترقی اور خوشحالی کے دور کا آغاز ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :