عمران فاروق قتل کیس ،سکا ٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی ایف آئی اے حکام سے ملاقات

پیر 29 جون 2015 15:43

عمران فاروق قتل کیس ،سکا ٹ لینڈ یارڈ ٹیم کی ایف آئی اے حکام سے ملاقات

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کیلئے برطانوی سکاٹ لینڈ یارڈ کی دو رکنی خصوصی ٹیم کی پیر کو اسلام آباد میں ایف آئی اے حکام سے اہم ملاقات، ایف آئی اے حکام نے برطانوی تحقیقاتی ٹیم کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس بارے بریفنگ دی اور اب تک کی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا، اسکارٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقاتی ٹیم اسٹیورڈ مائیکل اور ڈیوڈ جوناتھن پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق دونوں برطانوی تحقیقاتی آفیسر ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار اہم ملزم معظلم علی خان سے پوچھ گچھ کرلیں گے، تاہم پوچھ گچھ کے دوران وزارت داخلہ کے حکام برطانوی ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گے۔ وزارت داخلہ کے حکام نے کہا کہ بار بار کی وضاحتوں کے باوجود نجانے کیوں اس حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں کہ برطانوی ٹیم کو براہ راست پوچھ گچھ کی اجازت دی گئی ہے، میڈیا اس حساس معاملے پر غیر مصدقہ خبروں کی تصدیق سے اجتناب کرے۔ وزارت داخلہ اس حساس معاملے پر میڈیا کو خود پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔ میڈیا میں سات رکنی برطانوی ٹیم کی آمد کے حوالے سے نشر ہونے والی خبریں درست نہیں، دو رکنی برطانوی ٹیم پیر کی صبح اسلام آباد پہنچی ہے۔