نوابشاہ، اہم سیاسی شخصیت کے گھر پر چھاپہ، 3افرادکو حراست میں لے لیاگیا

پیر 29 جون 2015 15:51

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)نواب شاہ میں حساس ادارے نے کارروائی کر کے اہم سیاسی شخصیت کے گھر سے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔ چھاپے کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے بھیجی گئی سات ایمبولینسز بھی برآمد کرلی گئی۔نواب شاہ کے علاقے غلام حیدر شاہ کالونی میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر اہم شخصیت کے گھر پر چھاپہ مار کر تین افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ گھر کے احاطے میں موجود سات ایمبولینس بھی قبضے میں لی۔ ذرائع کے مطابق سال دو ہزار گیارہ میں وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ایمبولینس ضلعی انتظامیہ کو بھیجی گئی تھی۔ تاہم ایمبولینس سیلاب متاثرین کے بجائے شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے استعمال کی جانے لگی۔ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سروس کو نواب شاہ سے سیہون شریف کے روٹ پر چلایا جاتا تھا۔ جس کے زریعے لاکھوں روپے ماہانہ آمدنی بھی حاصل کی جارہی تھی۔