اسلام آبا د میں پہلی بار ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تفصیلات جاری کردیں

پیر 29 جون 2015 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د میں پہلی بار ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تفصیلات جاری کردیں، بیلٹ پیپر کی چھپائی سات جولائی کو شروع ہوگی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں، جاری کردی تفصیلات کے مطابق جنرل ممبر کیلئے بیلٹ پیپرز کا رنگ سفید ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے بیلٹ پیپر کا رنگ ہلکا سبز ہوگا، خواتین کیلئے گلابی، مزدور کسان کیلئے خاکی بیلٹ پیپر ہوگا۔

جاری کردہ تفصیلات میں کہا گیا کہ یوتھ ممبر کیلئے بیلٹ پیپر کا رنگ سلیٹی، اقلیت کیلئے پیلا ہوگا، بلدیاتی انتخاب کیلئے چالیس لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے، بیلٹ پیپرز کیلئے چھ مختلف رنگوں کا کاغذ خرید لیا گیا ہے، بیلٹ پیپر کی چھپائی سات جولائی کو شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات پچیس جولائی کو ہونگے جس کی وجہ سے شہر اقتدار میں سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی اس سلسلے میں اسلام آباد کو انہتر یونین کونسل میں تقسیم کیا گیا ہے اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے یونین کونسل 16 ہزار تک کی آبادی پر مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔