خیبرپختونخوا کے عوام کوبار بار یقین دہانیوں کے باوجود 18,18گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے،سکندرشیرپاؤ

پیر 29 جون 2015 16:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاوٴنے وفاقی حکومت کی جانب سے سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کو خیبر پختونخوا کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے مترادف قراردیا اور کہا کہ اس قسم کے حربوں سے انھیں مزید ٹرخایا نہیں جا سکتا۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کورمضان المبارک کے مہینے اور وفاقی حکومت کی جانب سے بار بار یقین دہانیوں کے باوجود 18,18گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پانی ناپید اور کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شدید بدامنی،دہشتگردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے صوبہ میں مہنگائی،بے روزگاری اور پسماندگی بھی زوروں پر ہے لہٰذا وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کے ساتھ ساتھ صوبہ کی بدحالی اور پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے خصوصی توجہ دے تاکہ یہاں پر پائی جانے والی محرومی و مایوسی کا ازالہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

پختونوں کو جاری بحرانوں سے نکالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ ہماری جماعت ہی پختونوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جوان کے حقوق وبہبود اور تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے ۔