صوابی میں دوبارہ انتخابات کا حکم بعد از انتخاب دھاندلی کی بدترین قسم ہے،مشتاق احمدخان

پیر 29 جون 2015 16:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ضلع صوابی کے 9 پولنگ سٹیشنوں پرڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنراور آر اوزکی سفارشات پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ انتخابات کا حکم بعد از انتخاب دھاندلی کی بدترین قسم ہے۔ضلع صوابی میں انتخابات سے پہلے سینئر وزیر شہرام ترکئی اور سپیکر اسد قیصر ترقیاتی سکیم ،سرکاری وسائل کے استعمال سرکاری حیثیت سے جلسوں سے خطاب ،من پسند پولنگ سکیم اور سیاسی بنیادوں پرپولنگ سٹاف کی تعیناتی کی سفارش کے ذرئعے قبل از انتخابات دھاندلی کی گئی اور ان تمام بے قاعدگیوں غیرقانونی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع ڈپٹی کمشنر اور آر اوز کو کردی گئی تھی لیکن ڈپٹی کمشنر صوابی اور اسسٹنٹ کمشنر نے حکمران پارٹی کیلئے دھاندلی میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ اب بعد از انتخابات 9 یونین کونسلوں کے جن پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کا اعلان کیا گیا ہے وہ 9 کے 9 وہ یونین کونسل ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف اور عوامی جمہوری اتحاد ہار چکی ہے انہوں نے کہا کہ صوابی کے ڈپٹی کمشنر نے ری پولنگ کی سفارشات کرکے انصاف کا خون کیااور حکومت کے ہارے ہوئے امیدواران کے سفارشات پر عمل درامد کیا انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرصوابی اور اسسٹنٹ کمشنر رزڑضلع کونسل کے پارلیمانی سٹرکچر کو تبدیل کرکے ری پولنگ کے ذرئعے تحریک انصاف اور عوامی جمھوری اتحاد کو ضلع کی قیادت دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ری پولنگ کی فہرست ترکئی ہاؤس اور سپیکر ہاؤس میں مشترکہ طور پر تیار کی گئی ڈپٹی کمشنر صوابی اور اسسٹنٹ کمشنر رزڑ عوامی مینڈیٹ کے ڈاکو ہیں اور انتخابات ،جمہوریت کے چور ہیں اور اپنی سفارشات کے ذرئعے عوامی مینڈیٹ کو اغواء کرنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ جولوگ معمولی رشوت کے بدلے کونسلروں کو من پسند نشانات الاٹ کرتے ہیں ان سے غیر جانبداری کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر صوابی اور اسسٹنٹ کمشنر رزڑ کو 5جولائی کے انتخابات سے پہلے ضلع بدر کیاجائے اور انکے خلاف وسیع پیمانے پر بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی جائیں انہوں نے ضلع صوابی کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت ،بیلٹ بکس کے تقدس اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے متحد ہوکرڈی سی صوابی اور اسسٹنٹ کمشنر رزڑ کے خلاف آواز اٹھائیں ۔