اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کا عمل شروع ، سکروٹنی کا عمل کل تک مکمل کرلیا جائے گا

پیر 29 جون 2015 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کا عمل پیر سے شروع ہوگیا‘ (آج) منگل کی شام تک سکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد کی 79 یونین کنسلوں کے لئے 25 اور 26جون کو کل 4190 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ان 4190 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین دو روز 13آر اوز کے پاس جاری رہے گی 30جون کی شام تک چھان بین کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد امیدواروں کی عبوری فہرست پر اعتراضات جمع کرانے اور مسترد شدہ کاغذات کے خلاف اپیلیں دائر کی جائیں گی اپیلوں کی سماعت کے بعد 6جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی 7جولائی تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ 25جولائی کو بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ ہوگی۔