وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے، زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ

پیر 29 جون 2015 16:43

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) مسلم لیگ ن کے ر ہنماء وممبر بارکونسل زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے۔چائنہ کے ساتھ اقتصادی راہداری معاہدوں سے ملک بہت جلد ترقی کر کے ایشیاء کا معاشی حوالے سے ٹائیگر بنے گا۔آزادکشمیر میں بھی مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔

پاک فوج اس وقت پوری دنیا کی بہادر فوج ہے اور جذبہ شہادت سے سرشار ہے اگر بھارت نے کبھی کوئی ایسی غلطی کی تو بھارت کو صفہ ہستی سے مٹا دئینگے ،پاک فوج نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کو بہادری اور جرات سے جاری رکھا جس پر پوری قوم کو اپنی پاک فوج پر فخر ہے دہشت گردی کے خاتمے اور جنگ کے دوران شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ملک میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوم سمیت کشمیری بھی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،زبیر احمد راجہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی ہے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے دہشت گردوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے آئندہ 2016کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کسی سے سیاسی اتحاد نہیں کرے گی۔ اکیلے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی۔انھوں نے کہا کہ موجودہ آزادخطہ کی حکومت نے میرٹ کو پامال کر کے من پسند لوگوں کو سفارش پر نوکریاں دے کر نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ مارا ہے۔انھوں نے کہا کہ ن لیگ اقتدار میں آکر عوامی حقوق غصب کرنے والوں کا احتساب کرے گی۔