چلتی بس سے گرنے والا بچہ کرشماتی طور پر محفوظ

پیر 29 جون 2015 16:47

چلتی بس سے گرنے والا بچہ کرشماتی طور پر محفوظ

نوشہرو فیروز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جون2015ء) کل نیشنل ہائی وے پر مورو شہر کے نزدیک چلتی بس سے گرنے والا بچہ کرشماتی طور پر بچ گیا۔ تقریباً 18 مہینے کا یہ بچہ اپنی والدہ کی گود میں تھا۔ یہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ پشاور جانے والی بس میں ایک کھلی کھڑکی کے ساتھ بیٹھی تھیں۔ جب ان کا بچہ چلتی بس سے نیچے گرا تو بالکل بھی اس کا علم نہیں ہوسکا۔

اس جوڑے کو اپنے بچے کے گرنے کے بارے میں اس وقت علم ہوا جبکہ بس کنڈیارو شہر پہنچ گئی تھی اور ایک پٹرول پمپ پر رکی ہوئی تھی۔ صدمے سے دوچار اس جوڑے کی چیخ و پکار نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔ تاہم یہ میاں بیوی کافی خوش قسمت تھے کہ ان کے بچے کے گرنے کی خبر اس پٹرول پمپ کے ساتھ موٹروے پولیس اسٹیشن پر پہلے ہی پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

موٹر وے پولیس نے اس بس کے پیچھے دوسری بس کے ذریعے کنڈیارو کی چوکی کی جانب بچے کو روانہ کردیا تھا۔

وہ پولیس افسر جنہوں نے کرشماتی طور پر زندہ بچ جانے والے بچے کو اس کے والدین کے حوالے کیا، کا کہنا تھا کہ ایک راہگیر نے انہیں بتایا کہ ہائی کے ایک حصے پر ایک بچہ گرا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لوگ اس جگہ پہنچے اور دیکھا کہ بچہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ وہ لوگ اس بچے کی ’دریافت‘ پر اس وقت مزید حیران ہوئے جب کنڈیارو کی چوکی سے گمشدہ بچے کے بارے میں ان سے دریافت کیا گیا۔