فوج مخالف بیان دینے پر سابق صدر آصف زرداری کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب

پیر 29 جون 2015 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے فوج مخالف بیان دینے پر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مزید دلائل طلب کر تے ہوئے سماعت 14جولائی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے فوج مخالف بیان دے کر قوم کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی فوج پوری دلیری کے ساتھ آپریشن ضرب عضب میں مصروف عمل ہے ،دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے مگر اسکے باوجود پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز سابق حکومتی شخصیت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا بیان آئین کے آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ فوج مخالف بیان دینے پر آصف علی زرداری کے خلاف کاروائی کا حکم دیا جائے۔عدالت نے درخواست گزار کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے سے متعلق مزید دلائل کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت چودہ جولائی تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :