مون سون کے دوران نہری ڈھانچے کی حفاظت کیلئے گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا‘غیرقانونی بندوں کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ لوگوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے

صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان کی محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران سے گفتگو

پیر 29 جون 2015 17:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران نہری ڈھانچے کی حفاظت کے لئے گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں لوگوں کو جانی و مالی نقصانات سے تحفظ دیا جاسکے۔وہ پیر کو اپنے دفتر میں محکمہ آبپاشی کے سینئر افسران سے گفتگو کر رہے تھے ۔

اس موقع پر فلڈ فوکل پرسن افضل انجم طور بھی موجودتھے-صوبائی وزیر نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ محکمہ آبپاشی نے مون سون سیزن سے قبل ہی تمام فیلڈ عملے کو مستعد رہنے اور نہروں وحفاظتی بندوں کی دیکھ بھال کرتے رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران نہری ڈھانچے کی حفاظت کے لئے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنزپر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا تاکہ حکومتی اثاثہ جات کے ساتھ ساتھ عوامی املاک کی بھی حفاظت ممکن ہوسکے۔

انہوں نے موقع پر موجود افسران کو تمام سرکاری و غیرسرکاری اداروں کے نمائندگان اور ضلعی حکومتوں سے رابطہ تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں ہرقسم کی بدانتظامی سے بچا جاسکے۔ انہوں نے افسران کو مزید ہدایت کی کہ آبی گزرگاہوں میں قائم ناجائز پشتوں و غیرقانونی بندوں کو مسمار کرنے کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی بندوں کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ لوگوں کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :