مقبوضہ کشمیر پولیس سربراہ کا بیان جھوٹ ،مضحکہ خیز ہے، سید علی گیلانی

3جولائی کو اسلام آباد میں نماز جمعہ ادا کرونگا، این سی ، پی ڈی پی اور بی جے پی میں کوئی فرق نہیں، نئی کٹھ پتلی حکومت پہلے سے بدتر ثابت ہوئی ہے، حریت رہنماء

پیر 29 جون 2015 17:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی نے بھارتی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے بیان کہ گیلانی ایک آزاد انسان ہیں اور وہ کہیں بھی نماز پڑھ سکتے ہیں کو جھوٹ اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پولیس سربراہ کے بیان کی حقیقت جاننے کے لیے آنے والے جمعہ یعنی 3جولائی کو اسلام آباد جائیں گے اور وہاں نماز ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ انہیں مسلسل اپنے گھر میں نظربند رکھا جارہا ہے اور وہ چیک اپ کیلئے ہسپتال بھی جاتے ہیں تو بھارتی پولیس کی تین چار گاڑیاں اور درجن بھرپولیس اہلکار ان کے ساتھ جاتے ہیں اور پولیس حراست میں ہی انہیں علاج بھی کرانا پڑتا ہے۔ انہوں نے این سی، پی ڈی پی اور بی جے پی کو ایک جیسی پارٹیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی فرق نہیں ہے اورنئی کٹھ پتلی حکومت پہلے سے بدتر ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام لوگوں پر مظالم میں کسی قسم کی کمی واقع نہیں ہوئی ہے اور حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔