گیس کی فراہمی معطل ،پاکستان اسٹیل کی پیداوار صفر سطح پر آگئی

بلاسٹ فرنس کا شدید نقصان ،مربوط کارخانوں پر مشتمل اسٹیل پلانٹ مکمل بند ہوجائیگا

پیر 29 جون 2015 17:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان اسٹیل کی پیداوار صفر سطح پر آگئی کیونکہ 10 جون 2015سے گیس کی فراہمی معطل کردی گئی تھی۔ اس صورت حال کے سدباب کے لئے وفاقی وزیر پیٹرولیم اینڈ نیچرل ریسورسز شاہدخا قان عباسی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے باربار درخواست کی گئی لیکن وہاں سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ ان حالات کے باوجوداب تک بلاسٹ فرنسز کو فعال رکھا گیا لیکن بار بار بند کرنے اور چلانے سے ایک بلاسٹ فرنس کا اندرونی ٹمپریچر انتہائی کم ہوگیاہے اور اس کی لانسنگ کی جا رہی ہے۔

جب کہ دوسرا بھی اسی صورتحال کے قریب ہے۔ مزید براں اگر گیس کی بندش مزید دیر تک جاری رہتی ہے تواس صورت میں فرنس کولرزسے پانی کا اخراج شروع ہوجائے گا اور نتیجتاً پلانٹ کے بہت بڑے اسٹر کچر کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اور پلانٹ مکمل بند ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سنگین صورت حال کے بارے میں اعلیٰ سطح پر آگاہ کیا جا چکا ہے کہ اسٹیل میکنگ اور رولنگ پلانٹ سے پیداوارپہلے ہی حاصل نہیں کی جاسکتی اور گیس کی مزید عدم فراہمی کے باعث پیداوار دینے والے اہم ترین یونٹ بلاسٹ فرنس کے بند ہونے کا بھی احتمال ہے۔

یہاں یہ بات قابل ِ غور ہے کہ وزارت پیٹرولیم اینڈ نیچرل ریسورسز کو سوئی سدرن گیس کمپنی سے اس سلسلے میں باز پرس کرنا چاہیے اور قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اسٹیل کو فراہمی گیس کے پریشر کو معمول کے مطابق باقاعدہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان اسٹیل کو اربوں روپے کے نقصان سے بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان اسٹیل کی بندش کے باعث ملک کی صنعتوں کا انحصار مکمل طور پر درامدی اسٹیل پر ہو جائے گا اور اس سے قومی خزانے اور زرمبادلہ پر منفی اثرات مرتب ہونگے ۔

گذشتہ 8 ماہ کے دوران پاکستان اسٹیل کی اوسط پیداوار 27سے 30فیصد رہی ہے اس دوران پاکستان اسٹیل کے مربوط پلانٹ کو دوبارہ بحال اور فعال کرنے میں پاکستان اسٹیل کے محنتی اور جفاکش ہنر مندوں اور ادارے کے تجربہ کار انجیئنروں کی صلاحیتوں اور افرادی قوت نے جو اہم کردار ادا کیا یہ گیس کی عدم فراہمی اس Achievement کوضائع کرنے کے مترادف ہے اس صورت حال کے باعث کہیں یہ ادار ہ مستقل طور پر مکمل بند نہ ہوجائے ۔

متعلقہ عنوان :