10 جون سے گیس کی فراہمی مطل ہونے کے باعث پاکستان اسٹیل کی پیداوار صفر پر آگئی؛ترجمان

پیر 29 جون 2015 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان اسٹیل کی پیداوار صفر سطح پر آگئی جس کی بڑی وجہ10 جون 2015 سے گیس کی فراہمی کا مطل ہونا بتایا جاتا ہے۔اسٹیل مل کے ترجمان کے مطابق اس صورت حال کے سدباب کے لئے وفاقی وزیر پیٹرولیم اینڈ نیچرل ریسورسز شاہدخا قان عباسی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے باربار درخواست کی گئی لیکن وہاں سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔

ان حالات کے باوجوداب تک بلاسٹ فرنسز کو فعال رکھا گیا لیکن بار بار بند کرنے اور چلانے سے ایک بلاسٹ فرنس کا اندرونی ٹمپریچر انتہائی کم ہوگیاہے اور اس کی لانسنگ کی جا رہی ہے۔ جب کہ دوسرا بھی اسی صورتحال کے قریب ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر گیس کی بندش مزید دیر تک جاری رہتی ہے تواس صورت میں فرنس کولرزسے پانی کا اخراج شروع ہوجائے گا اور نتیجتاً پلانٹ کے بہت بڑے اسٹر کچر کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اور پلانٹ مکمل بند ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سنگین صورت حال کے بارے میں اعلیٰ سطح پر آگاہ کیا جا چکا ہے کہ اسٹیل میکنگ اور رولنگ پلانٹ سے پیداوارپہلے ہی حاصل نہیں کی جاسکتی اور گیس کی مزید عدم فراہمی کے باعث پیداوار دینے والے اہم ترین یونٹ بلاسٹ فرنس کے بند ہونے کا بھی احتمال ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت پیٹرولیم اینڈ نیچرل ریسورسز کو سوئی سدرن گیس کمپنی سے اس سلسلے میں باز پرس کرنا چاہیے اور قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان اسٹیل کو فراہمی گیس کے پریشر کو معمول کے مطابق باقاعدہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان اسٹیل کو اربوں روپے کے نقصان سے بچایا جا سکے۔

اس کے علاوہ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان اسٹیل کی بندش کے باعث ملک کی صنعتوں کا انحصار مکمل طور پر درامدی اسٹیل پر ہو جائے گا اور اس سے قومی خزانے اور زرمبادلہ پر منفی اثرات مرتب ہونگے ۔ ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ 8 ماہ کے دوران پاکستان اسٹیل کی اوسط پیداوار 27سے 30فیصد رہی ہے اس دوران پاکستان اسٹیل کے مربوط پلانٹ کو دوبارہ بحال اور فعال کرنے میں پاکستان اسٹیل کے محنتی اور جفاکش ہنر مندوں اور ادارے کے تجربہ کار انجیئنروں کی صلاحیتوں اور افرادی قوت نے جو اہم کردار ادا کیا یہ گیس کی عدم فراہمی اس Achievement کوضائع کرنے کے مترادف ہے اس صورت حال کے باعث کہیں یہ ادار ہ مستقل طور پر مکمل بند نہ ہوجائے `

متعلقہ عنوان :