معاشرے کے غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا ہم سب کی مذہبی دینی اور قومی ذمہ داری ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

پیر 29 جون 2015 18:39

اسلام آباد ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ معاشرے کے غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا ہم سب کی اولین مذہبی دینی اور قومی ذمہ داری ہے، ماہ صیام ہمیں ایثار قربانی اور تقویٰ کا درس دیتا ہے۔ ہم اس ماہ مبارک میں حاجت مندوں اور ضرورت مندوں کی ضروریات کو پوری کر کے الله تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں راجہ غلام حیدر ٹرسٹ کے تحت منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے غریب اور نادار افراد کے درمیان رمضان گفٹ تحائف تقسیم کئے جن میں اشیائے خوردونوش اور کپڑے شامل تھے۔ اس موقع پر سینیٹر کلثوم پروین بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے دو غریب لڑکیوں کے جہیز کے لئے پچاس پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے ہر سال 1500 خاندانوں میں رمضان گفٹ تقسیم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے معاشرے کے مخیر حضرات کو اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا بھی کہا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ معاشرے کے محکوم اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک سو ارب سے زائد فنڈز غریب اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :