کراچی میں اموات کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ،کلاس لیں گے ،وزیراعلیٰ سندھ

حکومت نے اس ساری صورت حال میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے،اموات لوڈشیڈنگ کے باعث ہوئیں ،قائم علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 جون 2015 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں اموات کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ۔کے الیکٹرک کی کلاس لیں گے ۔حکومت نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قطر اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے پیر کی دوپہر قطر اسپتال کا دورہ کیا اور ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کی عیادت کی ۔

اس موقع پر قطر اسپتال کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بل جمع کروانے کے باوجود قطر اسپتال میں بجلی موجود نہیں ہے ۔کے الیکٹرک نے وعدہ کیا تھا کہ اسپتالوں میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی کارکردگی سے مطمئن ہوں ۔

حکومت نے اس ساری صورت حال میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اموات لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی بندش کے باعث ہوئی ہیں ۔اس لیے اموات کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے ۔کے الیکٹرک کی کلاس لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گرمی کی شدت کے دوران ہیٹ اسٹروک کے متاثرہ مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پورے انتظامات کیے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب بھی سیکڑوں مریض سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔حکومت سندھ ان مریضوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے ۔