ایف بی آر اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کراچی پورٹ پر برآمدی سامان کی چیکنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے‘ لاہور چیمبر

چیکنگ کے موجودہ نظام کی وجہ سے برآمدی سامان کو بہت بْری طرح نقصان پہنچ رہا ہے ،متعدد شکایات غیرملکی خریداروں نے کی ہیں

پیر 29 جون 2015 18:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا ہے کہ کراچی پورٹ پر برآمدی سامان کی چیکنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے، چیکنگ کے موجودہ نظام کی وجہ سے برآمدی سامان کو بہت بْری طرح نقصان پہنچ رہا ہے جس کی متعدد شکایات غیرملکی خریداروں نے کی ہیں۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کراچی پورٹ پر برآمدی سامان کو چیک کرنے کے لیے کھولنے کے بعد صحیح طرح پیک نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے دوران سفر مال خراب ہوجاتا ہے اور غیرملکی خریدار اسے لینے سے انکار کردیتے ہیں جس سے عالمی منڈی میں ملک کی ساکھ خراب ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

سید محمود غزنوی نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کو چاہیے کہ برآمدی مصنوعات کی سکیننگ کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کریں یا پھر مال ایکسپورٹرز کی فیکٹری میں ہی چیک کرکے پیک کروائیں اور اس پر اپنی مہر لگا دیں جس سے نہ صرف برآمدی مال کی تباہی روکی جاسکے گی بلکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کا قیمتی وقت بھی بچے گا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ اس وقت پہلے ہی ہمیں برآمدی ہدف پورا کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، ایسے میں اگر برآمدی شعبے کے لیے مزید مشکلات پیدا کی گئیں تو معاملات مزید خراب ہونگے لہذا فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے سہولیات دے تو زیادہ بہتر ہوگا۔