سندھ ہائیکورٹ،ایگزیکٹ کے سی ای او سمیت پانچ ملزمان کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق درخواست پر10 جولائی تک تفتیشی افسر کو نوٹس جاری

پیر 29 جون 2015 18:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ کے سی ای او سمیت پانچ ملزمان کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق درخواست پر10 جولائی تک تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کردئے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ میں ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے وکیل کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ شعیب شیخ اور ان کے پانچ ساتھیوں کو اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے جبکہ ان کے خلاف جو مقدمہ ہے اس کی تفتیش کراچی میں بھی کی جاسکتی ہے درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عرفان سعادت نے کی عدالت میں جیل حکام نے جواب جمع کرایا کہ عدالتی حکم پر ملزمان کو دوبارہ ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان اسلام آباد منتقل کیے جاچکے ہیں لہذا درخواست قابل سماعت ہی نہیں رہی اسے خارج کیا جائے جبکہ ایگیزکٹ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمہ میں تفتیش مکمل کرکے عبوری چالان بھی پیش کردیا گیا ہے لیکن اب تک پانچوں کو کراچی واپس نہیں لایا گیا عدالت نے دلائل کے بعد 10 جولائی کو ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا ہے