ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی کا یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر پر صفائی مہم کا افتتاح، نائٹ سوئپنگ کا بھی آغاز کردیا گیا

پیر 29 جون 2015 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید صلاح الدین احمد نے یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر پر صفائی مہم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر نادر خان ، سپرنٹینڈنگ انجینئر فضل محمود گل ، ایکسی این توقیر عباس، ڈائریکٹر ایڈمن شمس الحسن اور دیگرافسران موجود تھے ۔

صفائی مہم کے افتتاح کے موقع پرایڈمنسٹریٹر سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ بلدیہ شرقی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے صفائی مہم جاری ہے جبکہ آج سے نائٹ سوئپنگ کا بھی آغاز کردیاجائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق صفائی مہم میں مشینری اور ہینڈ لیبر کے ذریعے سوئپنگ کا کام انجام دیا جارہا ہے ایڈمنسٹریٹر نے اس موقع پر کچراکنڈیوں کی صفائی کے کام کے ساتھ ساتھ کچرا کنڈیوں کی تعمیرکی بھی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے صفائی مہم مستقل بنیاد پرجاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

بعد از اں ایڈمنسٹریٹر نے ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کی فوری طبی امداد کیلئے بلدیہ شرقی کے زیر تحت مختلف علاقوں میں لگائے گئے کیمپس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے بعد عوام کی سہولت کیلئے مزیدتین کیمپس کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں ڈسکوبیکری ،نمائش چورنگی اور طارق روڈ پر نزد نورانی کباب پر ریلیف کیمپس لگا ئے گئے ہیں جبکہ چنیسر گوٹھ اور نیپا چورنگی پر پہلے ہی ریلیف کیمپس لگے ہوئے ہیں جہاں پر متاثرین جن میں خواتین، بچے ،ضعیف اور مسافروں کو ریلیف کی فراہمی مسلسل جاری ہے اس سلسلے میں کیمپس میں او ۔

آر۔ ایس، ٹھنڈا پانی، گلوکوز، پنکھے،بیڈ اور کرسیوں کے انتظام کے ساتھ ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف موجود ہے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جارہی ہے۔