ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ نے اسلام کی آبیاری اور فروغ میں اہم کرداراداکیا، مفتی تاج الدین نعیمی

پیر 29 جون 2015 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء)تحریک صدائے حق پاکستان کے مرکزی امیر مفتی محمدتاج الدین نعیمی نے کہاہے کہ ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ نے اسلام کی آبیاری اور فروغ میں اہم کرداراداکیا، ابن عساکر کی حدیث ہے ،حضوراکرم ﷺ نے آپؓ کے بارے میں فرمایا کہ ان سے اچھی بیوی مجھے نہیں ملی وہ مجھ پر ایمان لائیں اس وقت جب سب کافرتھے،انہوں نے میراساتھ دیااس وقت جب سب میراساتھ چھوڑگئے،انہوں نے میری تصدیق کی اس وقت جب سب مجھے جھٹلارہے تھے، انہوں نے اپنامال ودولت اسلام پر قربان کیا،اﷲ نے ان کے بطن سے مجھے اولاددی ۔

ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ کی افضلیت کی اس سے بڑی کوئی دلیل نہیں ہوسکتی۔یہ باتیں انہوں نے مرکزی جماعت اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے امیر مفتی محمدجان نعیمی کی ہدایت پر صوبے بھرمیں منائے گئے یوم ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ کے موقع پرمرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

مفتی محمدتاج الدین نعیمی نے اپنے خطاب میں سندھ حکومت کی کارکردگی پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے باعث مسلسل ہلاکتیں افسوس ناک ہیں اور حکمرانوں کی بچکانہ بیان بازی اس سے بھی بڑھ کر افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا وفاقی اور سندھ حکومت اپنی نااہلی کی آخری حد تک جا پہنچے ہیں اس خطرناک صورتحال میں ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور دادرسی کی بجائے ایکدوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ سمجھ سے بالا تر ہے، جس سے لگتاہے کہ ان لوگوں نے ابھی تک کرسی حاصل کرنے کے علاوہ اور کوئی سبق نہیں پڑھا۔انہوں نے کہا کہ تین مہینوں میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے صرف سیاسی بیان بازی ہی ثابت ہوئی، اب بھی عوام گرمی سے مر رہے ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں ۔

صرف سیاسی پوائینٹ سکورنگ کے لئے ہی کام کیاجارہاہے،ان حکمرانوں سے خیرکی کوئی امید وابستہ نہیں کی جاسکتی،اگر رسول اﷲ ﷺکا کوئی سچا غلام اقتدارمیں ہوتا تو وہ سب کام چھوڑکر انسانی خدمت میں مصروف عمل ہوتا ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز میں تمام مسائل صرف نظام مصطفےﷺکے نفاذسے ہی ختم ہوں گے ،اگرملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ نافذ ہوتاتو یہ حالات ہرگزنہ ہوتے۔