چیف سیکرٹری کی جانب سے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر 4 اسسٹنٹ کمشنرز کی حوصلہ افزائی

پیر 29 جون 2015 19:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء )وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر سرگودھا ، بھکر ،اٹھارہ ہزاری اور گوجرہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ز کو تعریفی اسناد بھی دیں - چیف سیکرٹری پنجاب نے عمدہ کارکردگی پر اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا عبداﷲ خرم نیازی ، اسسٹنٹ کمشنر بھکر علی اختر سیف اﷲ ، اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری سید احسن رضا اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سید تنویر مرتضیٰ کی حوصلہ افزائی کے لئے ان سے خصوصی ملاقات کی - اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا ، سیکرٹری انڈسٹریز نسیم صادق اور سیکرٹری آئی اینڈ سی جاوید اکبر بھی موجود تھے - چیف سیکرٹری پنجاب نے چاروں اسسٹنٹ کمشنرزکی رمضان بازاروں کے حوالے سے کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ اس کے افسران کو نیک نامی مل رہی ہے -انہوں نے کہا کہ محنتی افسران کی حوصلہ افزائی سے محنت ،لگن اور خلوص نیت سے کام کرنے کے جذبے کو فروغ ملے گا - انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محنت اور ایمانداری سے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی - اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر زعبداﷲ خرم نیازی ،علی اختر سیف اﷲ، سید احسن رضا اور سید تنویر مرتضیٰ نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے حوصلہ افزائی ان کے لئے ایک اعزاز ہے -انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم اسی جذبے اور محنت سے کام جاری رکھے گی -