سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا-شجاع خانزادہ

پیر 29 جون 2015 20:03

لاہور۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے کالاشاہ کاکو میں مشترکہ کارروائی کرکے تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک اور 2دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے- دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیا جانے والا یہ آپریشن خفیہ معلومات پر کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کی- پیر کے روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، راکٹ لانچرز ، کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں-انہوں نے کہا کہ دو روز قبل بھی انسداد ہشت گردی فورس نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے لئے فنڈنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا-انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھیں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا-کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 75سے زائد دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور ان کے مقدمات فوری کارروائی کے لئے عدالتوں کو بھجوا دیئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ شیڈول 4کے تحت نامزد کئے گئے 1344افراد میں سے 716گرفتارکئے جاچکے ہیں- انہو ں نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ میں دہشت گردوں ، تخریب کاروں اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے پوری توانائی اور تیزی سے کام جاری ہے- انہوں نے کہا کہ اب تک صوبہ میں 13802مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے-صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت خفیہ معلومات کی روشنی میں تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے- انہوں نے کہا کہ اب تک 7 غیر سرکاری تنظیموں کے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جبکہ دیگر این جی اوز کے معاملات کو سختی سے مانیٹر کیا جارہا ہے-صوبائی وزیر نے کالاشاہ کاکو میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائی کرنے پر انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں کے افسران و اہلکاران کو مبارکباد دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔