کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا

کے ایس ای 100 انڈیکس 208.42 پوائنٹس کے اضافہ سے 34093.55 پوائنٹس پر بند

پیر 29 جون 2015 20:19

کراچی ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 208.42 پوائنٹس کے اضافہ سے 34093.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پیر کو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 208.42 پوائنٹس کے اضافہ سے 34093.55 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 137.19 پوائنٹس کی تیزی سے 21343.09 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزیدبرآں کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 114.63 پوائنٹس کا اضافہ رونماء ہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں بھی 388.17 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 154.61 پوائنٹس کے اضافہ سے 16277.43 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 44.19 پوائنٹس کی کمی سے 16565.35 پوائنٹس پر بند ہوا۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 354 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 225 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 113 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ تیزی پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 41 روپے کے اضافہ سے 861 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی سودے بھی 34 روپے کی تیزی سے 739 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی نیسلے پاک اور مری بیوریج کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ نیسلے پاک کے حصص کی قیمت 200.01 روپے کی مندی سے 9999.99 روپے اور مری بیوریج کے حصص کی قیمت بھی 45.58 روپے کی کمی سے 954 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار دیوان سیمنٹ کے حصص میں ہوا جو 3 کروڑ 23 ہزار 500 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 13.90 روپے سے شروع ہو کر 13.83 روپے پر ہی بند ہوئی۔ مجموعی طور پر 29 کروڑ 36 لاکھ 98 ہزار 280 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 8 ارب 5 کروڑ 17 لاکھ 7 ہزار 399 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 73 کھرب 22 ارب 9 کروڑ 32 لاکھ 71 ہزار 343 روپے سے بڑھ کر 73 کھرب 57 ارب 50 کروڑ 90 لاکھ 74 ہزار 258 روپے ہو گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 135 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 11 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 2 کروڑ 31 لاکھ 57 ہزار 300 حصص کا کاروبار ہوا۔