150 ارب روپے کا تاریخی ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت میں انقلاب لائے گا، ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا انقلابی منصوبہ دیہی معیشت کے پائیدار فروغ کا ضامن ہے، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروگرام سے دیہی آبادی کا ہر طبقہ مستفید ہوگا، دیہی سڑکوں کی حفاظت کے پیش نظر اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا یہی روڈز پروگرام کے حولے سے اجلاس میں خطاب

پیر 29 جون 2015 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی معیشت کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ’’پکیاں سڑکاں، سوکھے پینڈے‘‘ کے تحت آئندہ 3 برسوں کے دوران صوبے کی دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی پر 150 ارب روپے صرف کئے جائیں گے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کا انقلابی منصوبہ دیہی معیشت کے پائیدار فروغ کا ضامن ہے۔

دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے اس بڑے پروگرام سے دیہی آبادی کا ہر طبقہ مستفید ہوگا اور یہ پروگرام دیہی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گا۔وہ پیر کو یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا یہ منصوبہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔

ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و بحال سے دیہی علاقوں کی قسمت بدل جائے گی۔ پروگرام پر عملدرآمد سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 12 فٹ چوڑی کارپٹڈ سڑک کے دونوں اطراف 2، 2 فٹ پکے شولڈرز بنائے جا رہے ہیں اور ان پکے شولڈرز کے ساتھ 4، 4 فٹ مٹی کے شولڈرز بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے کاشتکاروں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے کیلئے سہولت میسر آئے گی اور ذرائع مواصلات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ایک علیحدہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈ اتھارٹی‘‘ بنائی جائے گی جو تمام امور کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ پر تیزی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ وسائل کا رخ دیہی علاقوں کی ترقی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ 150 ارب روپے سے دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے دیہی زندگی میں انقلاب آئے گا۔

وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی امانت سمجھ کر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر اور بحال ہونے والی سڑکوں کی حفاظت کیلئے بھی مناسب نظام ہونا چاہیئے تاکہ ان سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچایا جا سکے۔ سڑکوں کی حفاظت کے پیش نظر دیہی سڑکوں پر اوورلوڈ گاڑیوں کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ سڑکوں پر پانی کے نکاس کا بھی مناسب انتظام ہونا چاہیئے۔صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک، شیر علی خان، اراکین صوبائی اسمبلی میاں طارق محمود، ملک احمد یار ہنجرا، اویس قاسم خان، محمد کاشف، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز مواصلات و تعمیرات، معدنیات، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :