ضلع ، تحصیل اور ویلج کونسل کو صوبائی بجٹ کے 30 فیصد فنڈز دیئے جائیں گے ،عنایت اﷲ خان

ایسا بلدیاتی نظام وضع کیا ہے جس کے نتیجے میں عوام کے مسائل گھر کے دہلیز پر حل ہونگے نظام کو بنانے کیلئے 8 ماہ تک دن رات کا م کیا، دنیا کے کئی ممالک کے حکام کے ساتھ ویلج کونسل سسٹم پر تبادلہ خیال کیا ،وزیربلدیات خیبرپختونخوا

پیر 29 جون 2015 21:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے ایسا بلدیاتی نظام وضع کیا ہے جس کے نتیجے میں عوام کے مسائل گھر کے دہلیز پر حل ہوں گے اور صوبے میں بڑا سیاسی و معاشرتی انقلاب برپا ہوگا۔ اس نظام کو بنانے کے لیے 8 ماہ تک دن رات کا م کیااور دنیا کے کئی ممالک کے حکام کے ساتھ ویلج کونسل سسٹم پر تبادلہ خیال کیا ۔

وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں بلدیاتی قوانین کے حوالے سے اجلا س کی صدارت کررہے تھے ۔اجلا س میں سیکرٹری بلدیات محمد جمیل، ڈائیریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ عادل صدیق ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ غلام محمد ، سپیشل سیکرٹری بلدیات اصغر خان ، محکمہ قانون کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے بحالی کے نتیجے میں صوبہ خیبرپختونخوا میں بڑی معاشرتی اور سیاسی تبدیلی آئے گی اور ہزاروں کی تعداد میں بلدیاتی نمائندے حکومتی پالیسیوں میں حصہ لے سکیں گے جس سے لوگوں کے مسائل نہ صرف نچلی سطح پر حل ہوں گے بلکہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت بھی آئے گی ۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں کے قیام کے نتیجے میں صحت ، تعلیم ، پانی اور سینی ٹیشن کے حوالے سے خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔عنایت اﷲ خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسل کے یونٹ کو مضبوط بنائے گی اور لوگوں کے سینی ٹیشن، سیوریج اور نالیوں کی پختگی جیسے بنیادی مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ضلع ، تحصیل اور ویلج کونسل کو صوبائی بجٹ کا 30 فی صد فنڈز دیے جائیں گے جس کو بلدیاتی ادارے ترقیاتی سکیموں پر خرچ کریں گے ۔