بھارت خطے میں دہشت گردی پروان چڑھا رہا ہے،افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردی کے اڈے ہیں ،بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا ، قرآنی تعلیمات پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے،برما میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم ناقابل بیان ہے ، اسلامی ریاستیں بین الاقوامی اداروں کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل خود حل کریں

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان حافظ سعید کاجامع مسجد علی المرتضی میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب

پیر 29 جون 2015 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والا ظلم ناقابل بیان ہے ، برما سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کی مدد امت مسلمہ پر فرض ہے۔ اسلامی ریاستیں بین الاقوامی اداروں کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل خود حل کریں۔بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا۔

قرآنی تعلیمات پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔وہ گزشتہ روز جامع مسجد علی المرتضی جی الیون میں سحری کے بعد درس قرآن اور بعد ازاں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت خطے میں دہشت گردی پروان چڑھا رہا ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردی کے اڈے ہیں۔

(جاری ہے)

وہیں سے پاکستان میں تخریب کاری کی جا رہی ہے۔

بلوچستان کی صورت حال اس کا واضح ثبوت ہے، انڈونیشیا میں برما کے مسلمانوں کیلئے تین سو شیلٹر تعمیر کر رہے ہیں۔ روزانہ 3600برمی مہاجرین کے سحروافطار کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ تھرپارکرسندھ اور بلوچستان میں کروڑوں روپے مالیت کے واٹر پروجیکٹ زیر تعمیر ہیں۔کشمیری پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں پاکستان کو بھی ان کی بھرپور مدد کرنی چاہئے۔

وطن عزیز کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں اور تخریب کاری میں انڈیا ملوث ہے۔بھارت کو پاکستان کو دولخت کرنے اور دیگرجرائم کا حساب بھگتنا پڑے گا۔ قرآنی تعلیمات پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عراق و افغانستان میں دس لاکھ سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا۔

اب برما میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں مگر بین الاقوامی اداروں نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ان سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔ برما اور کشمیر کے مسلمانوں کے مسائل کے حل میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے یہ ہمیشہ نقصان پہنچانے کیلئے آتے ہیں۔ برما، کشمیر و دیگر علاقوں میں اسی بنیاد پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور مسلم خواتین کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں۔

برمی مسلمانوں کی حالت زار پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا۔ برما میں مسلمانوں کا قتل عام گزشتہ بیس برس سے دیکھ رہے ہیں۔ لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے۔حافظ سعید نے کہا کہ برمامیں اراکان کے رہنے والے لوگ بہت اسلام پسند ہیں یہ چیز بدھ مت کے ماننے والوں کو برداشت نہیں ہے‘ وہاں کے مسلمانوں کو اسی جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ ہزاروں افراد کو کشتیوں کے ذریعے وہاں سے ہجرت پر مجبور کیا گیا۔

جماعۃ الدعوۃ انڈونیشیا میں پہنچنے والے برمی مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے۔ ، مخیر حضرات آگے بڑھ کر ان کی بھرپور امداد کریں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد کے سحروافطار کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برمی مسلمانوں کیلئے آچے انڈونیشیا میں خیموں میں رہنا مشکل تھا اس لئے وہاں ان کے لئے شیلٹر تعمیر کر رہے ہیں وہاں کوئی این جی او نظر نہیں آتی۔

آچے حکومت کے بعد سب سے پہلے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن وہاں پہنچی ہے۔ ستر شیلٹر تعمیر کر چکے ‘رمضان المبارک کے اس ماہ مبارک میں جلد مزید شیلٹرز کی تعمیر کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان تربیت کا مہینہ ہے جو تیزی سے گزر رہا ہے رمضان کا سب سے بڑا تحفہ قرآن ہے ، ہمیں محاسبہ کرنا ہے کہ کیا رمضان میں ہماری تربیت ہوئی ، قرآن انسانوں کے لیے ہدایت کی کتاب ہے آسمان سے رہنمائی اور تمام مسائل کا حل ہے ۔

امریکہ انڈیا کو خطہ میں تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن یہ مذموم سازشیں ان شاء اﷲ کامیاب نہیں ہوں گی۔ دنیا میں اسلام کی پھیلتی دعوت سے امریکہ یورپ سمیت سب پریشان ہیں ۔ انڈیا بھی اس بات سے خوفزدہ ہے کہ وہ اب مقبوضہ کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں آسمانوں سے اﷲ کی مدد اتر رہی ہے۔

وہ وقت قریب ہے کہ جب کشمیر، فلسطین و دیگر خطے آزاد ہوں گے۔ آج کشمیر میں جگہ جگہ پاکستان کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ مودی ڈھاکہ میں کھڑے ہو کر کہتا ہے کہ ہم نے مشرقی پاکستان کو توڑا۔ ہم کہتے ہیں کہ اب تمہاری سازشیں نہیں چلیں گی۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان بہت دیر سے سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ انڈیا افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ اب تو آرمی چیف اور وزارت خارجہ کے ذمہ داران نے بھی واضح طور پر بھارتی سازشوں کو بے نقاب کر دیا ہے اور اصل صورتحال کھل کر دنیا کے سامنے آرہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک بھارت افغانستان میں موجود ہے وہ پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی سے باز نہیں آئے گا اسے وہاں سے نکالنا بہت ضروری ہے۔