پاکستان نے ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کر دیئے

توانائی اور مواصلات کے انفراسٹرکچر کی ترقی خطے کی ضرورت ہے ٗوزیر خزانہ اسحاق ڈار ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک خطے کے وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں کردار ادا کرے گا ٗوزیر خزانہ

پیر 29 جون 2015 22:13

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) پاکستان نے ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کر دیئے۔ اس سلسلے میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ تقریب میں ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک 57 بانی رکن ممالک سے مندوبین نے شرکت کی۔

سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد اسحاق ڈار نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ اکتوبر 2014ء میں ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام کے سمجھوتے کے بعد تقریباً آٹھ ماہ کے مختصر عرصہ میں معاہدہ پر رکن ممالک نے دستخط کئے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان نے تمام مراحل پر فعال کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام سے خطے میں وافر بچتوں کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کا اہم پلیٹ فارم میسر آیا ہے جس سے علاقائی معیشتوں کو پائیدار اور تیز ترقی کے حصول میں مدد ملے گی جو عالمی معیشت کے لئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی اور مواصلات کے انفراسٹرکچر کی ترقی خطے کی ضرورت ہے۔ ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک خطے کے وسائل کی ضروریات پوری کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کی تین ارب سے زائد آبادی کو منسلک کرے گا۔ خطے کے ممالک میں تجارتی و سرمایہ کاری کی سرگرمیوں اور معیشتوں کے مابین مسابقت کو فروغ ملے گا جس سے خوشحالی آئے گی۔

دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے بانی رکن کی حیثیت سے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔ وزیر خزانہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور انہیں ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے قیام پر مبارکباد دی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے وفد کے ہمراہ وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد بھی پاکستانی وفد میں شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :