نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی

کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیدیا گیا کراچی الیکٹرک کی جانب سے فیڈرز کے کم اور زیادہ نقصان کے درجے بنائے گئے ہیں ٗبہت زیادہ نقصان والے فیڈرز پر ساڑھے 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا پلان ہے اور ایسے فیڈرز پر دن میں صرف 2 گھنٹے بجلی دی گئی ٗ رپورٹ

پیر 29 جون 2015 22:14

نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 جون۔2015ء) نیپرا نے کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کراچی میں بجلی بحران کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیا گیا ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی میں بجلی بحران پر کے الیکٹرک سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کے الیکٹرک کو بجلی بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی الیکٹرک نے ٹرانسمیشن سسٹم میں بہتری کے لیے پیسہ نہیں لگایا، کے الیکٹرک نے تقسیمی و ترسیلی نظام کی بہتری کے لیے مناسب سرمایہ کاری نہیں کی اور سرمایہ کاری نہ کرنے کے باعث کے الیکٹرک کی سروسز کا معیار متاثر ہوا۔

نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحران کے دوران کے الیکٹرک نے پیداواری وسائل استعمال کرتے ہوئے سسٹم میں بجلی شامل کی، پیداوار 2500 سے 2700 میگاواٹ کرنے سے ٹرپنگ اور بریک ڈاؤن ہوئے جس کے باعث نظام بیٹھ گیا، سسٹم میں خرابی اور ٹرپنگ کے باعث کئی علاقوں میں پورا دن بجلی نہیں ملی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کی جانب سے فیڈرز کے کم اور زیادہ نقصان کے درجے بنائے گئے ہیں جس کے تحت بہت زیادہ نقصان والے فیڈرز پر ساڑھے 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا پلان ہے اور ایسے فیڈرز پر دن میں صرف 2 گھنٹے بجلی دی گئی۔

نیپرا رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے کراچی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس میں صارفین اور انتظامیہ سے بھی ملاقاتیں کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک سے متعلق حتمی رپورٹ تیار کی جارہی ہے جس کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ ہفتے شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی جب کہ نظام بیٹھنے کے باعث متعدد علاقے 3 سے 4 روز تک بجلی سے محروم رہے